مدارس اسلام کے قلعے، دینی ترویج کے بنیادی ادارے : مقررین

لاہور(سیاسی نمائندہ)سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے 72 ویں سالانہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے اور ترویج دین کے بنیادی انسٹیٹیوشن ہیں۔
انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے محراب و منبر مستعد اور علما سرگرم ِعمل ہیں۔موجودہ حکومت اسلامی اقدار کی سربلندی پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ دین اسلام اَمن کا پیغامبر اور باہمی رواداری کاا مین ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے صوفیا کے طرزِزیست پر عمل پیرا ہونا لازم ہے ۔انتہا پسندی کے تدارک کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔ اسلامو فوبیا کی بیخ کنی تمام مذاہب کے پیشواؤں اور اقوام عالم کے راہنماؤں کی باہمی کوششوں سے ہی ممکن ہے ۔ مذاہب کے درمیان مکالمہ مثبت رویوں کی تشکیل کا باعث ہوگا۔سالانہ اجتماع کے موقع پر جامعہ نعیمیہ کے مہتمم اعلیٰ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی،مولانا عبد الستار سعیدی، قاری رفیق نقشبندی،علامہ محبوب احمد چشتی، مولانا محمد قاسم، مولانا نصیر احمدچشتی،حافظ محمدجاوید شوکت، مفتی محمد عمران حنفی،جید علما کرام اوردارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ و طلبا سمیت دیگر علمی و روحانی شخصیات بھی موجود تھیں۔