شہر کے 700 پارکوں کی بحالی کا منصوبہ تیار

شہر کے 700 پارکوں کی بحالی کا منصوبہ تیار

لاہور(شیخ زین العابدین)5 سال بعد پنجاب حکومت نے پارکوں کی مرمت اور بحالی کا منصوبہ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پی ایچ اے کے زیر انتظام 700 چھوٹے بڑے پارکوں کی حالت زار پر توجہ دی جا رہی ہے۔

تفصیل کے مطابق پی ایچ اے کے زیر انتظام 700 سے زائد پارکوں میں عرصہ دراز سے ترقیاتی کام نہ ہونے کے باعث شہریوں نے ان کا رخ کرنا چھوڑ دیا ۔ماضی میں مختلف حکومتوں نے لاہور کے پارکوں کو سنوارنے کیلئے فنڈز فراہم کئے مگر بزدار دور میں یہ تمام فنڈنگ بند کر دی گئی۔ گزشتہ 5برس میں پارکوں کے آپریشن اینڈ مینٹی ننس پر ایک روپیہ بھی جاری نہ کیا گیا۔اب حکومت نے شمالی، مشرقی اور وسطی لاہور کے پارکوں کی بہتری کیلئے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کی تجویز دے دی ۔شمالی لاہور کے گجر پورہ، چائنہ سکیم، سنگھ پورہ، شالیمار، سرکلر گارڈن اور شاد باغ کے پارکوں کی بحالی کیلئے 10کروڑ روپے درکار ہیں۔ آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں ان علاقوں کیلئے 2کروڑ50لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ۔ گنج بخش ٹاؤن کے سنت نگر، ساندہ، کرشن نگر، گول باغ اور بلال گنج کے پارک بھی منصوبہ میں شامل ہیں۔مشرقی لاہور کے پارکوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے مجموعی طور پر 35 کروڑ روپے کی لاگت درکار ہے جس کے مقابلے میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 8 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ۔پارکوں کی بحالی سے متعلق تمام تجاویز پی ایچ اے کی جانب سے پنجاب حکومت کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں