سیکرٹری داخلہ کا ناصر باغ میں سول ڈیفنس بنکر کا دورہ

سیکرٹری داخلہ کا ناصر باغ میں سول ڈیفنس بنکر کا دورہ

لاہور(این این آئی)پنجاب میں کسی بھی ہنگامی حالات سے بطریق احسن نمٹنے کیلئے تیاری جاری ہے۔ اس ضمن میں سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل نے ناصر باغ لاہور میں سول ڈیفنس کے بنکر کا دورہ کیا۔

ڈائریکٹر سول ڈیفنس ضمیر حسین نے سیکرٹری داخلہ کو انتظامات بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے پنجاب بھر میں رضاکاروں کی رجسٹریشن کیلئے خصوصی پورٹل قائم کرنے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 22 مقامات پر سول ڈیفنس کے کمبائنڈ کنٹرول اینڈ رپورٹ سنٹرز ،1113محفوظ شیلٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں 77ہزار افراد کی گنجائش موجود ہے ۔ شہری دفاع کیلئے سول ڈیفنس کے 10لاکھ رضاکاروں کی رجسٹریشن جاری ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا 10لاکھ نئے رضاکاروں کی تربیت کیلئے تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی عوامی سہولت کیلئے پنجاب بھر میں موجود سول ڈیفنس دفاتر اور افسروں کے رابطہ نمبروں کی تشہیر کی جائے ۔ سول ڈیفنس کے آلات اور وسائل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے ۔ ایک ہفتے کے دوران سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122کی تربیتی مشقوں کے دوران ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ اور شہریوں کی تربیت کروا چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں