اعلیٰ تعلیمی اداروں کا بجٹ میں نمایاں اضافے کا مطالبہ

 اعلیٰ تعلیمی اداروں کا بجٹ میں نمایاں اضافے کا مطالبہ

لاہور (عاطف پرویز سے ) اگلے مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں نے بجٹ میں نمایاں اضافے کا مطالبہ کردیا ۔

 اساتذہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کا بجٹ 65 ارب سے بڑھا کر کم از کم 200 ارب روپے تک کیا جائے تاکہ جامعات کی مالی ضروریات پوری کی جاسکیں۔تفصیل کے مطابق مالی سال 2025 اور 26 کا بجٹ جون میں پیش کیا جائے گا جس کیلئے تجاویز کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ ہائر ایجوکیشن کے اعلیٰ ادارے کئی سال سے بجٹ کی کمی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ریسرچ کے منصوبے محدود ہوگئے ۔ دوسری طرف مالی مشکلات کی وجہ سے تنخواہیں دینے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق 2018-19 کے بعد سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں کوئی نمایاں اضافہ نہیں کیا گیا۔ 2019 میں بجٹ 65 ارب روپے تھا جو اب بھی وہی ہے ۔ 2019 میں جامعات کی تعداد 100 کے قریب تھی جو اب 175 کے قریب ہے جبکہ نجی و سرکاری جامعات کی مجموعی تعداد 245 ہو گئی ۔ پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر امجد مگسی نے مطالبہ کیا پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کو سندھ کی طرز پر براہ راست بجٹ دیا جائے ۔ اساتذہ رہنما ڈاکٹر احتشام کا کہنا تھا پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کو کم از کم 15 ارب روپے فراہم کئے جائیں ۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے حکومت کو86 ارب کی تجویز بھجوائی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں