پنجاب بار :وکلا کی لائف انشورنس کرانے کا فیصلہ

پنجاب بار :وکلا کی لائف انشورنس کرانے کا فیصلہ

لاہور(آئی این پی)پنجاب بار کونسل نے صوبہ بھر کے ممبر زوکلا کی لائف انشورنس کرانے کا فیصلہ کرلیا، آئندہ دس روز میں نامور انشورنس کمپنیوں سے پیشکش طلب کی جائیں گی۔

پنجاب بار کونسل کی فنانس ، بناولٹ فنڈ،سیمینار و سمپوزیم کمیٹیز کا مشترکہ اجلاس وائس چیئرمین عرفان صاق اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فاروق ڈوگر کی صدارت میں ہواجس میں تمام کمیٹیوں سے متعلقہ امور خصوصاًپنجاب بھر کے ممبرز وکلا کی لائف گروپ انشورنس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ عرفان صادق تارڑ اور فاروق ڈوگر نے کہا وکلا کی اکثریت انتہائی خطرناک حالات میں فرائض سر انجام دیتے ہیں ، اس دوران بہت سے وکلا اپنی جانوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جس کے بعد ان کے خاندانوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا ممبرز وکلا کے لئے کسی نامور انشورنس کمپنی سے معاہدہ کیا جائے گا تاکہ خدانخواستہ کسی بھی حادثے کی صورت میں متاثرہ خاندان کے لئے زیادہ سے زیادہ مالی معاونت حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا وکلا کی فلاح و بہبود کے لئے دیگر کئی طرح کے اقدامات بھی زیر غور ہیں،ان پر بھی جلد پیشرفت کی جائے گی ، وفاقی اور پنجاب حکومت سے بھی معاونت طلب کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں