حویلی دیان سنگھ : واٹر سپلائی لائن پھٹنے سے پانی ضائع
لاہور (شیخ زین العابدین) لاہور میں ہیٹ ویو کے دوران جب پانی کی بوند بوند قیمتی ہو چکی ہے، واسا خود ہی صاف پانی کے ضیاع میں ملوث نکل آیا۔
اندرون شہر حویلی دیان سنگھ کے مقام پر واسا کی مرکزی واٹر سپلائی لائن پھٹنے سے نہ صرف پانی ضائع ہو رہا ہے بلکہ شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ تفصیل کے مطابق اندرون شہر کے علاقے حویلی دیان سنگھ، سید مٹھا میں واسا کی مرکزی واٹر سپلائی لائن گزشتہ کئی روز سے پھٹی ہوئی ہے ، لیکن کسی قسم کی مرمت یا بحالی کا کام شروع نہیں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق واسا کے راوی ٹاؤن او اینڈ ایم ڈائریکٹوریٹ کی مبینہ غفلت کے باعث روزانہ صبح جب ٹیوب ویلز چلتے ہیں تو ہزاروں کیوسک صاف پانی ضائع ہو جاتا ہے ، جو سڑکوں اور گلیوں میں بہنے لگتا ہے ۔مبینہ غفلت پر واسا کے متعلقہ افسروں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی اور نہ ہی مرمت کیلئے مشینری بھیجی گئی۔دوسری جانب واسا عام شہریوں، دکانداروں یا ہوٹل مالکان کی طرف سے پانی ضائع کرنے پر 10 سے 20 ہزار روپے تک جرمانہ کرتا ہے اور بعض اوقات ایف آئی آر بھی درج کر اتا ہے ۔ مگر اپنے ہی ادارے کی غفلت پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا فوری طور پر واٹر سپلائی لائن کی مرمت کر کے پانی کے ضیاع کو روکا جائے۔