واسا دائرہ اختیار میں 132 مربع کلومیٹر توسیع کا فیصلہ

 واسا دائرہ اختیار میں 132 مربع کلومیٹر توسیع کا فیصلہ

لاہور (سٹاف رپورٹر سے) پنجاب حکومت نے لاہور کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے واسا کے دائرہ اختیار میں توسیع کا بڑا فیصلہ کر لیا۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق واسا کے زیر انتظام 248 مربع کلومیٹر کا رقبہ اب 380 مربع کلومیٹر تک بڑھا دیا جائے گا، یعنی مزید 132 مربع کلومیٹر رقبہ واسا کو دے دیا جائے گا۔اس فیصلے کے بعد واسا کو اب مزید 15 لاکھ 50 ہزار شہریوں کو واٹر سپلائی اور سیوریج سروسز فراہم کرنا ہوں گی۔یوں واسا کی مجموعی ذمہ داری میں شامل شہریوں کی تعداد 87 لاکھ 70 ہزار سے بڑھ کر ایک کروڑ 3 لاکھ 20 ہزار ہو جائے گی۔ دستاویزات کے مطابق توسیع کے بعد 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد گھروں میں سیوریج و واٹر سپلائی کے تمام انتظامی امور واسا کے سپرد ہوں گے ۔لاہور ڈسٹرکٹ کا کل رقبہ 1,761 مربع کلومیٹرہے ، جس میں سے اب تک واسا 248 مربع کلومیٹر پر سروسز فراہم کر رہا ہے ۔اس توسیع کے تحت جی ٹی روڈ، باٹاپور، جلو، گجومتہ، پرانا کاہنہ، نیاز بیگ، حاجی کوٹ، نین سکھ، شاہدرہ سمیت دیگر مضافاتی اور شہری علاقے واسا کے دائرہ اختیار میں شامل کر دئیے جائیں گے۔ واسا کو نئے علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی، کنکشنز کی تنصیب، ٹیوب ویلز اور ڈرینج سسٹم کی پلاننگ جیسے چیلنجز کا سامنا ہوگا جس کیلئے جامع حکمتِ عملی مرتب کی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں