لاکھوں مالیت کی ماڈ ل ریڑھیاں آسمان تلے خرا ب ہونے لگیں

لاہور(آئی این پی)میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مبینہ غفلت کے باعث لاکھوں روپے مالیت کی درجنوں ماڈل ریڑھیاں کھلے آسمان تلے خراب ہونے لگیں۔۔۔
ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن افسر مستحق افراد میں ریڑھیاں تقسیم کرنے میں ناکام رہے جس پر خوانچہ فروشوں نے احتجاج کیا۔تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب بھر میں ماڈل ریڑھیاں لگوائی گئیں،میٹروپولیٹن کارپوریشن نے رائے ونڈ میں ماڈل ریڑھی بازار کے لئے 100سے زائد ریڑھیاں بھجوائیں ،بھٹی چوک میں قائم ریڑھی بازار میں 64ریڑھیاں لگوانے کے بعد باقی 3 درجن سے زائد ریڑھیاں چیف آفیسر یونٹ میں کئی ماہ سے کھلے آسمان تلے پڑی خراب ہو رہی ہیں ۔ سی او یونٹ میں پڑی ریڑھیاں مستحق افراد کونہ دینے سے جہاں خوانچہ فروشوں کو نقصان ہو رہا ہے وہاں سرکاری خزانے سے بننے والی ماڈل ریڑھیوں کی مرمت کا کام بھی نہیں ہو سکا، خوانچہ فروشوں نے ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن افسروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ماڈل ریڑھیوں کی فوری تقسیم کا مطالبہ کیا۔