پولیس کو فراہم اراضی سے ایل ڈی اے کو رقم نہ مل سکی
لاہور (شیخ زین العابدین) ایل ڈی اے کی سرکاری زمینیں پنجاب پولیس کے حوالے کی گئیں لیکن ابھی تک ایک روپیہ بھی وصول نہ ہو سکا۔
لاہور میں سمارٹ پولیس سٹیشنز کی تعمیر کیلئے 9 قیمتی پلاٹ دئیے گئے مگر ادائیگی کا معاملہ تاحال تعطل کا شکار ہے۔ دستاویزات کے مطابق، شیرا کوٹ، سمن آباد، شادمان، جوہر ٹاؤن، سندر، کوٹ لکھپت، شادباغ، غالب مارکیٹ اور گجرپورہ ہیں ایل ڈی اے نے سمارٹ پولیس سٹیشنز کے قیام کیلئے زمین دی۔ شادباغ، غالب مارکیٹ اور گجر پورہ میں پولیس سٹیشنز کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے ۔دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے ٍ کہ پنجاب پولیس کو زمین کے عوض 45 کروڑ 13 لاکھ 17 ہزار روپے ادا کرنا تھے ۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے اور پنجاب پولیس کے درمیان ادائیگی کا معاملہ کاغذی کارروائیوں اور اندرونی روابط کی نذر ہو چکا ہے ، جب کہ زمین پر پولیس کی باقاعدہ سرگرمیاں شروع ہیں۔مبینہ کوتاہی سے اتھارٹی کو مالی نقصان بلکہ عوامی وسائل کا بھی ضیاع ہو رہا ہے۔