پیدائش سے 7 سال تک رجسٹریشن مفت، کورٹ ڈگری ختم
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)صوبہ پنجاب میں پیدائش سے 7 سال تک رجسٹریشن بالکل مفت کی جائے گی، کورٹ ڈگری شرط ختم کر دی گئی۔
ایک سال تک پیدائش اندراج کا اختیار سیکرٹری یونین کونسل جبکہ 7 سال کی عمر کا اختیار اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہو گا، رولز پر عملدرآمد کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ نے نئے برتھ و ڈیتھ رولز2025 نافذ کر دئیے جن میں رجسٹریشن کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے۔ نئے رولز کے مطابق شہری سات سال تک برتھ اور ڈیتھ کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بالکل مفت حاصل کر سکیں گے ،نارمل اندراج کا دورانیہ 60 دنوں سے بڑھا کر ایک سال کر دیا گیا ،لیٹ اندراج کی صورت میں کورٹ ڈگری کی شرط ختم کر دی گئی ،سات سال سے زائد تاخیر کی صورت میں اخبار اشتہار لازمی ہوگا،7 سال کے بعد اندراج کی صورت میں رجسٹریشن فیس لاگو ہوگی،ڈیتھ کا اندراج 7 سال کے بعد کر انے کی صورت میں کورٹ ڈگری لازمی ہو گی ،ایک سال کی عمر تک پیدائش کا اندراج متعلقہ سیکرٹری یوسی کا اختیار ہو گا ،7سال کی عمر تک کا اندراج متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ،7سال سے زائد عمر کا اندراج متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کا اختیار ہو گا۔