لیگی ایم پی اے کی پنچائتی نظام دوبارہ لانے کی تجویز، بل اسمبلی میں پیش

 لیگی ایم پی اے کی پنچائتی نظام دوبارہ  لانے کی تجویز، بل اسمبلی میں پیش

لاہور(سیاسی نمائندہ)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی امجد علی جاوید نے پنجاب میں پنچائتی نظام دوبارہ لانے کی تجویز دیدی ،اس بارے میں انہوں نے پنچایت بل 2025 کے نام سے بل بھی پنجاب اسمبلی میں پیش کردیا ۔

بل میں تجویز دی گئی ہے کہ ہر ضلع اور یونین کونسل میں ایک کمیٹی بنائی جائے ، جو کمیٹی گھریلو جھگڑوں، چھوٹے مالی تنازعات اور معمولی جرائم کا فیصلہ صرف 30 دنوں میں کرے گی،کمیٹی گھریلو تشدد، جہیز کے جھگڑے ، پانی کے تنازعات، چوری، مارپیٹ، اور 3 سال تک کی سزا والے جرائم سمیت 28 قسم کے معاملات سنے گی، ہر ضلع میں ایک ڈسٹرکٹ کمیونٹی جسٹس کمیٹی بنائی جائے ،کمیٹی 10 ارکان ہوں، جن میں سے کم از کم 2 خواتین ہوں،ہر یونین کونسل یا شہری وارڈ میں ایک چھوٹی کمیٹی ہو، جس کے 15 سے 20 ارکان ہوں، دس فیصد خواتین ہوں۔کمیٹی ارکان کا تعلق اسی علاقے سے ہوگا، اور وہ بدعنوانی یا کسی سنگین جرم میں ملوث نہیں ہوں گے ،کمیٹی کے ارکان کی منظوری ڈپٹی کمشنر سے ہوگی، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈپٹی کمشنر نامزد کرے گا، جو کمیٹی کے روزمرہ کام کو چلائے گا،ضلعی چیئرپرسن بھی ڈپٹی کمشنر کی سفارش پر حکومت مقرر کرے گی،بل پنجاب اسمبلی کی متعلقہ قائمہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے جو دو ماہ تک ایوان میں رپورٹ پیش کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں