وزیر صنعت وتجارت سے قازقستان کے سفیر کی ملاقات
لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر پرژان کیستافین نے ملاقات کی۔پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تجارتی تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں سپورٹس،زراعت، صحت،انفارمیشن ٹیکنالوجی،توانائی،ٹیکسٹائل سیکٹر اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کے مائننگ سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ،قازقستان کے سرمایہ کار پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کریں،ہرممکن سہولت دیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات دی جارہی ہیں۔چین کی بڑی کمپنی پنجاب میں ٹریکٹرز کا اسمبلنگ پلانٹ لگا رہی ہے ۔قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں سٹیٹ آف دی آرٹ گارمنٹ سٹی بن رہا ہے جس سے ٹیکسٹائل سیکٹر فروغ پائے گا۔ دوطرفہ تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے عوامی سطح کے روابط بہتر بنانا ہوں گے ،دوطرفہ معاشی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ ضروری ہیں۔