عید الاضحی : مویشی منڈیاں فعال، سہولیات کا فقدان
لاہور(عمران اکبر)عید الاضحی کے حوالے سے شاہ پور کانجراں سمیت 6 ٹیکس فری مویشی منڈیاں فعال کر دی گئیں، اگرچہ منڈیاں بغیر منافع لگائی گئی ہیں لیکن سہولیات کا فقدان ہے، جانوروں کے لئے کھرلیاں اور ٹینٹ نہ ہونے کے برابر ہیں۔
آڑھتی اپنی مدد آپ کے تحت رنگ برنگے ٹینٹ لگا رہے ہیں۔ تفصیل کے مطابق لاہور کیٹل مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے عید الاضحی کی مناسبت سے شہر میں 6 عارضی منڈیاں فعال کر دی گئیں لیکن منڈیوں کی مانیٹرنگ کرنے والے ضلعی انتظامیہ کے افسر غائب ہیں۔ منڈیاں سگیاں 25ایکڑ، سپورٹس کمپلیکس واہگہ50ایکڑ ،برکی روڈ 8ایکڑ،ایل ڈی اے سٹی کاہنہ کاچھا 50ایکڑ ،رائیونڈ میں 25ایکڑ پر فعال کی گئی ہیں۔عارضی سیل پوائنٹس پر ڈینگی،کانگو اور لمپی سکین سپرے کر انے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ہر مویشی منڈی میں 15سو ٹینٹ لازمی ہونا قرار دیا گیا ،پینے کے پانی کیلئے 8بور،پارکنگ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے لیکن دوسری طرف منڈیوں میں ٹھیکیداروں کا راج قائم ہو گیا ، شامیانوں کے کیمپ لگانے کے لاکھوں روپے وصول کئے جانے لگے ،پھٹے پرانے شامیانے لگا دئیے گئے ۔آڑھتیوں نے الزام عائد کیا کہ پنکھے ،ٹینٹ اور پانی کی کھرلیاں بھی فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود کا کہنا تھا منڈیوں میں کافی حد تک تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، انتظامیہ منڈیوں کے دورے کرے ۔واضح رہے کہ ہر بار11مویشی منڈیاں لگائی جاتی ہیں،شہر لاہور میں صرف 6 مویشی منڈیاں فعال ہوئی ہیں اور وہ بھی سہولیات سے لیس نہیں لیکن انتظامیہ دعویٰ کرتی ہے کہ انتظامات سو فیصد مکمل ہیں۔