3 فنی اداروں کا انضمام ، کاغذی کارروائی بھی نہ ہو سکی
لاہور (عاطف پرویز سے) پنجاب حکومت کی جانب سے 3 بڑے فنی تعلیمی اداروں کو ضم کرنے کا فیصلہ عمل درآمد سے قبل ہی التوا کا شکار ہو گیا۔
انضمام کا باضابطہ اعلان کئے 4 ماہ گزر چکے ،پیپر ورک بھی مکمل نہیں ہو سکا جس کے باعث اداروں کاکام متاثر ہونے لگا ۔ ٹیوٹا، پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے ملازمین اور افسر بے یقینی کا شکار ہیں۔ تینوں ادارے اب پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپینورشپ ڈیپارٹمنٹ کے ماتحت کام کریں گے ، جس کا مقصد ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ کے نظام اور وسائل کے استعمال میں بہتری لانا ہے ۔ پہلے یہ ادارے انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ یا خودمختار حیثیت میں کام کر رہے تھے ۔ذرائع کے مطابق نئے ڈیپارٹمنٹ کا اورگینوگرام بھی تیار نہیں کیا جا سکا ۔اسی دوران ٹیوٹا میں نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی گئی جس سے نہ صرف بے روزگار نوجوانوں میں مایوسی پائی جا رہی بلکہ موجودہ افسر اور ملازمین بھی مستقبل بارے پریشان ہیں۔ اداروں کے درمیان تنظیمی ڈھانچے ، تنخواہوں، سروس سٹرکچر اور اختیارات کے معاملات ابھی تک غیر واضح ہیں۔ملازمین نے مطالبہ کیا نیا ادارہ فوری طور پر واضح لائحہ عمل پیش کرے اور ملازمین کے روزگار اور مراعات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔