پیف سکولوں کی سبسڈی میں 40 فیصد تک اضافے کا اعلان

لاہور(خبرنگار)7200 پیف پارٹنر سکولوں کی سبسڈی میں 20 سے 40 فیصد تک اضافے کا اعلان کر دیا گیا،فیصلے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
تفصیل کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پارٹنر سکولوں کی سبسڈی میں خاطرخواہ اضافہ کردیا ،فی طالب علم 20 سے 40 فیصد تک اضافہ کردیا گیا۔ پرائمری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کا معاوضہ پچاس روپے اضافے کے بعد 800 ،سوم تا پنجم بچوں کا معاوضہ سو روپے اضافے کے بعد 900 ،مڈل سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کا معاوضہ 2سو روپے اضافے کے بعد 1100 ،نہم و دہم آرٹس کے بچوں کا معاوضہ 300 روپے اضافے کے بعد 1400، سائنس کے بچوں کا معاوضہ 500 روپے اضافے کے بعد 1800، گیارہویں، بارہویں آرٹس کے بچوں کا معاوضہ 500 روپے اضافے کے بعد 2000، سائنس کے بچوں کا معاوضہ 400 روپے اضافے کے بعد 2200 روپے دیا جائے گا۔ نئی سبسڈی یکم جولائی سے تمام پیف پارٹنرز پر نافذ العمل ہوگی۔