محرم الحرام :’’ امن وفود‘‘ کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی گئی

لاہور (سیاسی نمائندہ) سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری کی زیرصدارت اجلاس میں محرم الحرام میں امن و امان کے فروغ اور اتحاد بین المسلمین امن وفود کے شیڈول کو حتمی شکل دی گئی۔
امن وفود ڈویژنل سطح پرمحر م الحرام میں قیام امن کے حوالے سے ضلعی اَمن کمیٹیوں کے ممبران سے میٹنگز کریں گے جس میں کمشنرز، ریجنل پولیس آفیسر ز، ڈپٹی کمشنرر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، اوقا ف ایڈمنسٹریشن اور مذہبی قائدین بھی شریک ہوں گے ۔سیکرٹری اوقاف نے ایوان ِ اوقاف میں امن وفود کے شیڈول کی تشکیل کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا امن وفود کے دورے اور صوبہ بھرمیں اجتماعات محرم الحرام کے دوران قیام امن میں سنگِ میل ثابت ہوں گے ۔ واضح رہے کہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی طر ف سے مجموعی طور پر پنجاب بھر کے لئے 3 گروپ تشکیل دئیے گئے ہیں، جو 21 جون کوایوان اوقاف لاہور سے روانہ ہوں گے ۔پہلا وفد خطیب بادشا ہی مسجد مولانا سیّد عبد الخبیر آزاد کی قیادت میں ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان، دوسرا وفد خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی کی قیادت میں گوجرانوالہ،راولپنڈی اورتیسرا وفد صوبائی خطیب اوقاف (ر)مولانا مفتی محمد اسحا ق ساقی کی قیادت میں فیصل آباد اور سرگودھا روانہ ہوگا۔