امریکا صرف مفادات کیلئے منافقانہ چالیں چلتا : لیاقت بلوچ

لاہور(سیاسی نمائندہ)نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کا امریکی محبت میں تمام حدیں پار کرنا بڑا خطرناک ہے۔۔۔
امریکی صدر جنگوں کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے امریکا کی ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کریں اور اِس تاثر کا بھی خاتمہ کریں کہ امریکا صرف اپنے مفادات کے لیے منافقانہ چالیں چلتا ہے۔لیاقت بلوچ نے لاہور میں مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی بجٹ حسبِ دستور اعداد و شمار کا گورکھ دھندا،جھوٹ کا پلندہ اور آئی ایم ایف کا حکمنامہ ہے جو عوام پر مسلط کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت جنرل عاصم منیر، ٹرمپ ملاقات پر قوم کو اعتماد میں لے، اسرائیل امریکا کی غنڈہ گردی کا اڈا بن چکا ہے جس کے ذریعے وہ پورے مشرقی وسطیٰ کے اندر دہشت گردی میں مصروف ہے، مشرقی وسطیٰ کے حالات خراب کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور، وزیر آباد اور فیصل آبادمیں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔