قیام ِ امن ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری : بلال یاسین

قصور،تھہ شیخم(نمائندہ دنیا، نامہ نگار)صوبائی وزیر ہاؤسنگ، خوراک بلال یاسین کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران قیام ِامن اورسکیورٹی انتظامات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ممبرز صوبائی اسمبلی /چیئرمین وزیراعلیٰ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی محمدنعیم صفدر انصاری، صفیہ سعید، ڈی سی عمران علی، ڈی پی اومحمدعیسیٰ خاں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جونیجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سلمون ایوب سمیت دیگر ضلعی انتظامیہ کے افسروں نے شرکت کی جبکہ مجالس اور جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز اور منتظمین بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کی مجالس،عزاداری جلوسوں اور شرکاء کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔قیام ِ امن اور مذہبی رواداری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔مجالس و جلوسوں کے اوقات ِ کار اور مقررہ روٹ کی پابندی پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوس کیلئے ایک داخلی اور خارجی راستہ مختص کیا جائے۔