پالیسی کا فقدان،لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو پرکام رک گیا
لاہور(شیخ زین العابدین)لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت شہر میں میگا ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہونا تھا مگر حکومتی پالیسی کے فقدان نے کام کا آغاز روک دیا۔
حکومت نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت شہر کے 3بڑے زونز واہگہ زون، علامہ اقبال زون اور عزیز بھٹی زون میں 65 ترقیاتی سکیموں کیلئے 19 ارب 55 کروڑ 79 لاکھ 86 ہزار کا تخمینہ لگا کرمنصوبے شروع کرنے تھے ۔فیز ٹو میں پرانے سیوریج سسٹم کو تبدیل کرنے کیلئے نئی گہری کھدائی کر کے ٹرنک سیور لائن بچھائی جانی تھی۔ واہگہ زون میں12 سکیموں کے تحت نئی ٹرنک سیور لائن ڈالنے کا پلان بنایا گیا، علامہ اقبال زون میں بھی اسی طرز پر گہری کھدائی سے سیور لائن ڈالنے کا منصوبہ ہے۔ حکومت نے ابتدائی فنڈز تو جاری کر دیئے مگر مون سون کے دوران نئی کھدائی پر پابندی سے منصوبے متاثر ہو رہے ہیں۔ نتیجتاً لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے کئی اہم منصوبے تاحال تاخیر کا شکار ہیں۔واسا انتظامیہ و افسر اس وقت کنفیوژن کا شکار ہیں کہ تعمیراتی کام کا آغاز کیسے کیا جائے۔ محکمہ ہاؤسنگ اور پنجاب حکومت کی واضح پالیسی کے بغیر عملی اقدامات شروع نہ ہو سکے۔ پہلے ہی ترقیاتی کام کی رفتار سست تھی اور اب پالیسی نہ ہونے سے کام مزید لٹکنے کا خدشہ ہے۔