ستھرا پنجاب پروگرام پر اقدامات کی ضرورت، کمشنر لاہور ڈویژن
تھہ شیخم(نامہ نگار)ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے کمشنر لاہور ڈویژن کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس کا انعقاد، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب پروگرام پر موثر عملدرآمد کے لیے کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود کی زیر صدارت اہم ویڈیو لنک اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس میں ڈویژن کے تمام اضلاع لاہور، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی، ویسٹ مینجمنٹ، نکاسی آب اور عوامی آگاہی سے متعلقہ اقدامات کا جائزہ لینا اور ان میں بہتری لانے کے لیے عملی تجاویز پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔کمشنر لاہور ڈویژن نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کی ترجیحی سکیموں میں شامل ہے اور اس پر ہر سطح پر سنجیدہ اور مسلسل اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ صفائی ستھرائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ماحولیات کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔