وزیر بلدیات کا دورہ قصور ادارے کی کارکردگی، منصوبوں کا جائزہ
قصور(نمائندہ دنیا)صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق مراد کا دورہ قصور’بلدیاتی اداروں کی کارکردگی اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر بلدیات نے گزشتہ روز قصور کا اچانک دورہ کیا۔
ممبرز صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں، حاجی محمدنعیم صفدر انصاری اور ڈپٹی کمشنر عمران علی نے صوبائی وزیر کا ڈی سی آفس میں پہنچنے پر استقبال کیا۔ صوبائی وزیر نے ڈی سی کمیٹی روم میں ایک بریفنگ اجلاس کی صدارت کی اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ایم پی ایز ملک احمد سعید خاں، حاجی محمد نعیم صفدر انصاری، اسسٹنٹ کمشنر قصور اسفند یارودیگر متعلقہ ادارے کے افسران سمیت صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے وژن کے مطابق محکمہ بلدیات میں بہتری لائی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی ویژن کا کمال شہروں اور دیہاتوں کی ترقی ہوگی بے مثال، وزیراعلیٰ کی واضح ہدایت پر شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ دیہی علاقوں میں شہر کی طرز پر سہولیات فراہم کرنے کیلئے اب گاؤں چمکیں گے، ستھرا پنجاب اور مثالی گاؤں پروگرامز شروع کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔ واٹر سپلائی ٹیوب ویلز کو سولر انرجی پر منتقل کیے جائیں گے۔