پاکستان کا مستقبل بلوچستان کی ترقی سے جڑا ہے :جماعت اسلامی

پاکستان کا مستقبل بلوچستان کی ترقی سے جڑا ہے :جماعت اسلامی

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے ‘‘حق دو بلوچستان کو’’ لانگ مارچ کے مطالبات پر وفاقی حکومت کے ساتھ معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے ڈیڑھ کروڑ عوام انتہا ئی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ہم سیاسی و جمہوری جدوجہدپر یقین رکھتے ہیں اورپرامن طریقے سے بلوچستان کے عوام کے مطالبات کا حل چاہتے ہیں۔بلوچستان کئی دہائیوں سے شورش اور داخلی انتشار کا شکار ہے ،سکیورٹی کی صورتحال تشویشناک ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے لوگوں کو درپیش اہم مسائل میں تعلیم، صحت ،ترقی کے مواقع نا پید ہونا،دہشت گردی اور صاف پانی تک رسائی کا فقدان ہے ۔ پاکستان میں سب سے کم شرح خواندگی بلوچستان میں ہے جہاں کی آبادی کا صرف 43 فیصد حصہ لکھ پڑھ سکتا ہے ۔ اسی طرح صوبے میں نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح بھی سب سے زیادہ ہے ، جہاں ہزار بچوں میں سے اوسطاً 66 بچے مر رہے ہیں۔ بلوچستان حکومت کو ملنے والے فنڈز وہاں کے عوام پر خرچ ہونے کی بجائے لوٹ مار کی نذر ہو جاتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا بھی نہیں۔بلوچستان کے عوام کو درپیش ایک اور بڑا مسئلہ معاشی مواقع کی کمی ہے ۔ پاکستان کا مستقبل بلوچستان کی ترقی کے ساتھ جڑاہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں