قصور:دوہرے قتل کا معمہ حل، ملوث 3 فیکٹری ورکر گرفتار

قصور:دوہرے قتل کا معمہ حل، ملوث 3 فیکٹری ورکر گرفتار

قصور(نمائندہ دنیا،خبرنگار)قصور میں دوہرے قتل کا معمہ حل، ملوث3 فیکٹری ورکر گرفتار کرلئے گئے۔ تھانہ بی ڈویژن کے علاقے میں بیکری سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہونے کا معمہ حل ہوگیا۔

پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔پولیس کو بیکری سے بدبو آنے کی اطلاع ملی جس پر موقع پر پہنچ کر تالہ توڑاتواندر سے بیکری مالک خلیل اور ملازم شاہزیب کی لاشیں برآمد ہوئیں جو 24 گھنٹے پرانی تھیں۔ لاشوں پر تشدد کے نشانات موجود تھے ۔پولیس نے کرائم سین یونٹ اور دیگر تفتیشی ٹیموں کو طلب کرلیا۔ایس پی انویسٹی گیشن اور ڈی ایس پی سٹی نے بھی موقع کا دورہ کیا۔ پولیس کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مقتولین کے قاتل 3 فیکٹری ورکر تھے جنکی شناخت عباس، شبیر اور عمر کے نام سے ہوئی ہے ۔ ملزموں نے ڈیڑھ لاکھ روپے ہتھیانے کیلئے واردات کی ۔ پولیس نے تینوں کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں