پی ایچ اے : بڑے منصوبوں پر شجر کاری فنڈز نہ مل سکے
لاہور(شیخ زین العابدین)اتھارٹی نے میگا پراجیکٹس سے جڑے اداروں سے شجرکاری فنڈز وصول ہی نہیں کیے، جس سے شہر سرسبز ہونے کے بجائے آلودگی کی لپیٹ میں آتا چلا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ایچ اے نے ماضی میں میگا پراجیکٹس پر شجرکاری کے بدلے میں کسی بھی ادارے سے فنڈز حاصل نہیں کیے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے جولائی 2011 کے نوٹیفکیشن میں واضح ہدایات دی گئی تھیں کہ ہر میگا پراجیکٹ سے شجرکاری کی مد میں ایک فیصد فنڈز پی ایچ اے کو ادا کیے جائیں۔ یہی فنڈز شہر میں درخت لگانے، سبزہ اگانے اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیے جانے تھے۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ میٹرو بس، کلمہ چوک فلائی اوور، اورنج لائن میٹرو ٹرین، بیجنگ انڈر پاس، جیل روڈ سگنل فری کوریڈوراور کینال روڈ توسیع جیسے منصوبے مکمل ہوگئے، لیکن ان پر لگنے والے ہارٹی کلچر فنڈز نہ تو پی ایچ اے کو ملے، نہ ہی شجرکاری عمل میں آ سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایچ اے کی جانب سے 51 کروڑ 38 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری تاحال باقی ہے، پی ایچ اے نے اب محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو خط لکھ کر فنڈز کے اجرا کی سفارش کی ہے۔