محکمہ لیبر: 38 ہزار سے زائد تنخواہ والے اضافے سے محروم
لاہور(عاطف پرویز سے)محکمہ لیبر پنجاب نے انڈسٹری کی 102 کیٹیگریز میں کم از کم تنخواہوں کے اضافے سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن کو معطل کر دیا ہے۔۔۔
جبکہ صرف مخصوص تنخواہ کی حد کے اندر آنے والے ورکرز کو ہی حالیہ اضافے کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔ اس فیصلے نے ہزاروں پرانے ہنر مند، نیم ہنر مند اور ہائی سکلڈ ورکرز کو تنخواہ میں اضافے سے باہر کر کے ایک نئی بے چینی کو جنم دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق محض 37 ہزار روپے یا اس سے کم تنخواہ لینے والے ورکرز کی تنخواہ میں اضافہ ہوگا، جبکہ 38 ہزار یا اس سے زائد تنخواہ پانے والے ملازمین اس رعایت سے محروم رہیں گے ۔مزدور رہنماؤں اور صنعتی مزدور اتحاد نے اس پالیسی کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں تمام کیٹیگریز میں یکساں طور پر تنخواہوں میں اضافہ ہوتا رہا ہے ، لیکن اب حکومت کی بجائے محکمہ لیبر خود ورکرز کے ساتھ ناانصافی کا سبب بن رہا ہے ۔محکمہ لیبر کے حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ فی الحال ہنر مند اور ہائی سکلڈ ورکرز کی درجہ بندی کے لیے کوئی واضح پیمانہ موجود نہیں اور ورکرز و آجر (مزدور و مالکان) باہمی مشاورت سے تنخواہ طے کریں گے۔