عشرہ رحمۃ للعالمین :محکمہ اوقاف کی کتب نمائش کا آغاز

عشرہ رحمۃ للعالمین :محکمہ اوقاف کی کتب نمائش کا آغاز

لاہور(سیاسی نمائندہ)سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹراوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے عشرہ رحمۃ للعالمین کے سلسلے میں الحمراآرٹ گیلری،دی مال لاہور میں سہ روزہ نمائش کتب سیرت طیبہ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اسوہ رسول ؐکا پیغام یہ ہے کہ سیلاب زدگان کی کھلے دل سے مدد کی جائے۔

عشرہ رحمۃ للعالمین منانے کا تقاضا ہے کہ مصیبت زدہ لوگوں کو ریلیف میسر آئے ۔سیلاب زدگان کی پریشانی کم کرنا،قوم کا فرض اور سیرت نبوی ؐکا درس ہے ۔آپؐ نے ہر دور کے پریشان حال انسانوں کا سہارا بننے کی تلقین فرمائی۔سیلاب ایک آزمائش ہے ،نبی کی سنت ہے کہ آزمائش کا مقابلہ ہمت سے کریں۔نبی اکرم نے خدمتِ خلق کو ایمان کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیرت طیبہ سے آگاہی کے لیے مطالعہ کتب سیرت کامطالعہ بنیادی حیثیت کا حامل ہے ۔ سیرت نگاری امّتِ مسلمہ کے امتیازات و اعزازات میں سے اہم ترین شعبہ ہے ۔ سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ یہاں پر قارئین کے لیے سیرت طیبہ ، اسلامیات، پاکستانیات اور اقبالیات پر مشتمل کتاب کا وسیع ذخیرہ ایک جگہ پر دستیاب کردیا گیا ہے ۔ سہ روزہ نمائش کتب کا انعقاد محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے لیے ایک اعزاز ہے ۔عصر حاضر میں کتب بینی بالخصوس دینی لٹریچر کے مطالعہ میں کمی واقع ہو رہی ہے ، یہ نمائش کتب یقیناً اس مطالعہ میں ا ضافہ کا باعث ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں