میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین کیلئے سمارٹ کارڈ کا اجرا تاخیر کا شکار
لاہور(شیخ زین العابدین)پنجاب حکومت نے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین کیلئے مشترکہ سمارٹ کارڈ متعارف کرانے کیلئے جولائی میں منظوری اور اگست میں اجرا کا اعلان کیا مگر منصوبہ تاحال فعال نہ ہوسکا۔
مشترکہ کارڈ نہ متعارف ہونے سے مسافروں کو الگ الگ کارڈ اور ٹوکن استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔ عوامی سہولت کا یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہو کر مسافروں کیلئے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ حکومت نے لاہور کے ماس ٹرانزٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے میٹرو بس اور اورنج لائن کیلئے آٹھ اگست تک ایک ہی سمارٹ T-Card جاری کرنے کا منصوبہ بنایا مگر یہ کارڈ تاحال فعال نہیں ہوسکاجس سے اورنج لائن اور میٹرو بس کے مسافروں کو اب بھی الگ الگ کارڈ بنوانا پڑ رہا ہے ۔ کارڈ کی تقسیم اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کا عمل تاخیر کا شکار ہے جس سے سہولت کے بجائے مسافروں کیلئے مشکلات بڑھ رہی ہیں۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق اکتوبر 2025 تک ٹوکن سسٹم ختم ہوجائیگا، سافٹ ویئر اپ ڈیٹ مکمل ہونے کے بعد دونوں سسٹمز کو یکجا کر دیا جائے گا۔ فی الحال شہریوں کو پرانا کارڈ اور ٹوکن سسٹم ہی استعمال کرنا پڑ رہا ہے ۔تاخیر سے مسافروں کو سفر پر وقت اور پیسے کا ضیاع برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔ طلبہ اور عام شہری نیا کارڈ نہ ملنے سے پریشان ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس منصوبے کو عوام دوست اقدام قرار دیا تھا تاہم عملی نفاذ میں تاخیر سے لاہور کا ماس ٹرانزٹ سسٹم جدید سہولتوں سے محروم ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیاہے کہ T-Card کو جلد فعال کیا جائے تاکہ انہیں ایک ہی کارڈ کے ذریعے آرام دہ سفر کی سہولت مل سکے۔