انسداد سموگ ،گرین کوریڈور منصوبہ فائلوں تک

انسداد سموگ ،گرین کوریڈور منصوبہ فائلوں تک

شاہدرہ سے رائیونڈ تک ریلوے ٹریک کے اطراف سبز بیلٹس نہ بن سکیں

لاہور (شیخ زین العابدین)سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اعلان کردہ گرین کوریڈور منصوبہ تاحال کاغذوں تک محدود ہے ۔شاہدرہ سے رائیونڈ تک ریلوے ٹریک کے اطراف سبز بیلٹس اور تفریحی مقامات بنانے کا وعدہ پورا نہ ہو سکا۔تین ماہ قبل اعلان کیے جانے والے اس منصوبے پر کام کا آغاز بھی نہیں ہو پایا۔ ذرائع کے مطابق ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے خطرات بڑھتے گئے ، مگر حکومت کے سبز خواب اب بھی ادھورے ہیں۔گرین کوریڈور کے نام سے شروع کیا جانے والا منصوبہ، جو لاہور کو ایک ماڈرن گرین کوریڈور سٹی بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم سمجھا جا رہا تھا، تاحال عملدرآمد کے انتظار میں ہے ۔محکمہ ہاؤسنگ نے سترہ جون کو شاہدرہ سے رائیونڈ تک گرین کوریڈور کے قیام کا اعلان کیا تھا۔منصوبے کے تحت ریلوے ٹریک کے اطراف کا چالیس کلومیٹر طویل علاقہ سرسبز گرین بیلٹس میں تبدیل کیا جانا تھا، جہاں شہریوں کے لیے واک ویز، کیفیز اور لائبریریوں کی سہولیات فراہم کی جانی تھیں۔ذرائع کے مطابق منصوبے پر پی ایچ اے اور پاکستان ریلویز نے مشترکہ طور پر کام کرنا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں