مرکزی مسلم لیگ کے پارٹی الیکشن کا تیسرا مرحلہ شروع
حکومت کے نئے بلدیاتی ایکٹ پر شدید تحفظات ہیں:عہدیداران کا خطاب
لاہور (سیاسی نمائندہ) مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے لاہور میں انٹرا پارٹی انتخابات کے تیسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ شہر کی 16 یونین کونسلز میں انتخابی عمل پُرامن، منظم اور کامیاب رہا۔ مرد و خواتین کے لیے الگ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ، جہاں کارکنان نے اپنی ووٹر لسٹ کے مطابق بڑے جوش و جذبے کے ساتھ ووٹ کاسٹ کیا۔اس مرحلے میں 39 امیدوار میدان میں اترے جبکہ مختلف یونین کونسلز سے 16 صدور منتخب ہوئے۔
مرکزی مسلم لیگ ملک کی ان چند جماعتوں میں شامل ہے جو گراس روٹ لیول پر عام کارکن کو اپنی قیادت منتخب کرنے کا حقیقی حق دے رہی ہے ۔انتخابات کے دوران مرکزی مسلم لیگ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری خالد نیک گجر اور جنرل سیکرٹری لاہور ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کے نئے بلدیاتی ایکٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔پنجاب میں دس سال سے بلدیاتی انتخابات نہ ہونا جمہوریت کے لیے بدقسمتی ہے ، مگر موجودہ حکومت کا نیا بلدیاتی ایکٹ اس سے بھی زیادہ نقصان دہ ہے ۔