الہ آباد :بینک جاتے شہری کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا

الہ آباد :بینک جاتے شہری کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا

مغوی ارشاد علی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے کاروبار سے وابستہ تھا ، تحقیقات شروع

الہ آباد ، تلونڈی(نمائندہ دنیا ، نامہ نگار)الہ آباد کے محلہ لکھے خاں کے رہائشی ارشاد علی کو نجی بینک جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔ مغوی ارشاد علی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے کاروبار سے وابستہ تھا اور معمول کے مطابق اپنے کام کے سلسلے میں بینک جا رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم ملزموں نے اسے زبردستی اغوا کر لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مغوی کے والد محمد اقبال کی مدعیت میں تھانہ الہ آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق مقدمہ اغوا کی دفعات کے تحت درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اہلِ خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ ڈی ایس پی چونیاں ظفر اقبال کی زیر نگرانی تھانہ الہ آباد پولیس نے مغوی کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی ہے ، جو مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے ۔ پولیس نے قریبی علاقوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے اور مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کا عمل بھی شروع کر دیا ہے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مغوی کی جلد بازیابی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں