گڑھی شاہو ، لٹن روڈ میں کارروائیاں ، 3 منشیا ت فروش گرفتار
ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 720 گرام چرس ، 500 گرام آئس برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کی زیر نگرانی منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران گڑھی شاہو اور لٹن روڈ پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا،ایس پی سول لائنز اثر علی کے مطابق گرفتار ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات فروخت کرنے میں ملوث تھے ،ملزمان کی شناخت سمیول مسیح، احمد علی اور سمروز کے نام سے ہوئی، جنہیں مختلف مقامات سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 720 گرام چرس اور 500 گرام آئس برآمد کی۔ ملزمان چل پھر کر گلی محلوں اور بازاروں میں منشیات فروخت کرتے تھے ، جس سے نوجوان نسل شدید متاثر ہو رہی تھی۔گرفتار ملزمان چوری اور منشیات کے مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں۔ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ منشیات فروشوں کے خلاف کڑی نگرانی جاری ہے اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔