یوای ٹی :پلاسٹک مصنوعات کے استعمال پرپابندی عائد

یوای ٹی :پلاسٹک مصنوعات کے استعمال پرپابندی عائد

سٹائروفوم مصنوعات ماحول کو شدید نقصان پہنچاتی:جاری کردہ نوٹس

لاہور (خبر نگار) یو ای ٹی لاہور نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور ماحول دوست طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے مضرِ صحت پلاسٹک اور اسٹائروفوم سے بنی مصنوعات کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ یہ اقدام حکومتِ پنجاب کی جانب سے جاری پلاسٹک فری پنجاب پلیج اور 75 مائیکرون سے کم موٹائی کے پلاسٹک بیگز پر پابندی کے تحت اٹھایا گیا ہے ۔یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق یونیورسٹی کی حدود میں فوری طور پر سٹائروفوم سے بنی پلیٹیں، ڈبے اور کپ، پلاسٹک کے کپ، 75 مائیکرون سے کم موٹائی کے پلاسٹک بیگز اور دیگر تمام غیر معیاری اور ڈسپوزیبل پلاسٹک مصنوعات کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی۔نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ سٹائروفوم مصنوعات ناقابلِ تحلیل ہوتی ہیں، ماحول کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں اور گرم یا چکنائی والی خوراک کے ساتھ استعمال کی صورت میں مضر کیمیکل خارج کرتی ہیں۔ اسی لیے یونیورسٹی کے تمام فوڈ سروس اور ریٹیل آؤٹ لیٹس (مین کیمپس اور تمام سب کیمپسز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماحول دوست اور منظور شدہ متبادل اشیا استعمال کریں، جن میں 75 مائیکرون یا اس سے زائد موٹائی کے بایوڈیگریڈیبل بیگز، کارڈ بورڈ کے ڈبے اور شیشہ کے کپ و پلیٹیں شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں