رواں سال 14 ہزاراقلیتی افراد کا میثاق سنٹرز سے استفادہ
1 لاکھ 28 ہزار اقلیتی شہریوں نے فراہم کردہ سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا
لاہور(کرائم رپورٹر)سال 2025 کے دوران پنجاب پولیس کے زیرِ انتظام میثاق سنٹرز نے اقلیتی برادری کو خدمات کی فراہمی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کے میثاق سنٹرز سے ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد اقلیتی افراد نے استفادہ کیا۔ترجمان کے مطابق میثاق سنٹرز پر 37 ہزار 348 اقلیتی شہریوں کے مختلف نوعیت کے مسائل حل کیے گئے جبکہ ایک لاکھ 13 ہزار 508 اقلیتی افراد کو پولیس خدمت مراکز سے متعلقہ سروسز فراہم کی گئیں۔ کارکردگی سروے کے مطابق ایک لاکھ 28 ہزار 867 اقلیتی شہریوں نے میثاق سنٹرز کی فراہم کردہ سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی میثاق سنٹرز کی کارکردگی قابلِ ستائش رہی، جہاں رواں سال 14 ہزار 307 اقلیتی افراد نے میثاق سنٹرز سے استفادہ کیا۔ ان میں سے 485 اقلیتی شہریوں کے مسائل حل کیے گئے جبکہ 13 ہزار 822 افراد کو پولیس خدمت مراکز سے متعلقہ سہولیات فراہم کی گئیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس موقع پر کہا کہ پولیس میثاق سنٹرز اقلیتی کمیونٹی کے مسائل حل کر کے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں۔