3معروف ریسٹورنٹس بند، ناقص کولڈ ڈرنکس تلف
بار ہا اصلاحی نوٹس دینے کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر بھاری جرمانے
لاہور(اے پی پی)ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آمنہ رفیق کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے چھٹی کے روز ناشتہ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی،اس دوران لاہور میں 34معروف پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران 3معروف ریسٹورنٹس بند کیے گئے ، تفصیلات کے مطابق بھاری مقدار میں ناقص کولڈ ڈرنکس اور 2من سے زائد مختلف ناقص اشیا تلف کی گئی، 10پوائنٹس کو اصلاحی نوٹس بھی جاری کیے گئے ،صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر ناشتہ پوائنٹس کو بند کیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ڈائریکٹ جنرل(ڈی جی) فوڈ اتھارٹی کے حکم پر حلوہ پوڑی، نہاری، پائے اور مرغ چنوں کے شوقین افراد کی صحت کا تحفظ اولین ترجیح ہے ، بارہا اصلاحی نوٹس دینے کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ، ناقص سٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی، فنگس لگے فریزر میں ایکسپائرڈ گوشت، گلی سڑی سبزیاں موجود پائی گئیں، کھلی نالیاں، گندا واشنگ ایریا اور بدبودار ماحول پایا گیا۔ڈی جی فوڈاتھارٹی نے کہا کہ انتہائی لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکلز عدم موجود پائے گئے ، ناقص اجزا سے تیار خوراک کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔