ہونہار سکالرشپ لینے والے ہزاروں طلبہ مشکلات کا شکار
قسط بروقت جاری نہ ہوئی :ذرائع ،انوائسز فوری جمع کرائی جائیں :ایچ ای سی
لاہور(عاطف پرویز سے )لاہور سمیت پنجاب بھر میں مریم نواز ہونہار سکالرشپ حاصل کرنے والے ہزاروں طلبہ شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ سکالرشپ کی قسط بروقت جاری نہ ہونے کے باعث طلبہ کا تعلیمی مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے ، جبکہ فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ قریب آنے کے باوجود تاحال ادائیگی نہیں ہو سکی۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اقرار کا کہنا ہے کہ سکالرشپ کی ادائیگی میں تاخیر کی بڑی وجہ جامعات کی جانب سے رزلٹ انوائسز کا بروقت ارسال نہ ہونا ہے ۔ تمام تعلیمی اداروں کو انوائس جمع کرانے کے لیے ایک ہفتے کی حتمی مہلت دی گئی ہے ۔ اگر مقررہ مدت میں انوائسز موصول نہ ہوئیں تو متعلقہ جامعات کے طلبہ کی سکالرشپس منسوخ کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعات کو سخت وارننگ دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انوائسز فوری طور پر جمع کروائی جائیں تاکہ طلبہ کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے ۔