سفاری پارک: جدید طرز کے منفرد ’’ٹری کیفے ‘‘کی تعمیر جاری
لاہور (لیڈی رپورٹر)شہریوں کو تفریح اور فطرت کے حسین امتزاج سے روشناس کرانے کیلئے سفاری پارک میں جدید طرز کا منفرد ’’ٹری کیفے ‘‘ تعمیر کیا جا رہا ہے جودیکھنے میں درخت لگتاہے تاہم اسے کنکریٹ اور جدید تعمیراتی انداز کے ذریعے درخت کی شکل دیکر تیار کیا جا رہا ہے ۔
عمارت متعدد منزلوں پر مشتمل ہوگی، جہاں بالکونیاں، کھلی بیٹھکیں اور خوبصورت کھڑکیاں بنائی جارہی ہیں۔ تاکہ شہری قدرتی اور سرسبز ماحول میں بیٹھ کر کھانے پینے سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اوپری منزلوں تک رسائی کیلئے سیڑھیاں بھی بنائی جا رہی ہیں جبکہ اطراف کا سبزہ اس مقام کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرے گا۔انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد پارک آنیوالی فیملیز کو منفرد اور یادگار تجربہ فراہم کرنا ہے ، تعمیر مکمل ہونے پریہ ٹری کیفے سفاری پارک کی نئی پہچان بن کر شہریوں کیلئے اہم تفریحی سہولت ثابت ہوگا۔