پنجاب کے خطرناک عمارتوں والے سکولوں کو خالی کرنیکا حکم
مکمل اور جزوی خطرناک سکولز کی عمارتوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے ،مراسلہ جاری
لاہور(آن لائن)پنجاب کے تمام خطرناک اور جزوی خطرناک عمارتوں والے سکولز کو خالی کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ بھیج کر ہدایت کی ہے کہ طلبہ کو کسی بھی صورت خطرناک عمارتوں میں داخل نہ ہونے دیا جائے ۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی طالب علم ایسی عمارت میں بیٹھ یا تعلیم حاصل نہیں کر سکے گا۔ محکمہ نے حکم دیا ہے کہ خطرناک اور جزوی خطرناک سکولز کی عمارتوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے اور ان پر واضح سائن بورڈز آویزاں کیے جائیں تاکہ والدین اور طلبہ کو آگاہی ہو۔مزید برآں مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں ذمہ داری متعلقہ ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی اور ہیڈ ٹیچر پر عائد ہوگی۔ حکام نے اس اقدام کو طلبہ کی حفاظت اور حادثات سے بچاؤ کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔