حلقہ 130کے لئے ترقیاتی فنڈز کی نئی قسط جاری
منصوبوں میں ٹف ٹائل پیور بچھانے اور سیوریج نظام کی بہتری شامل
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )صوبائی دارالحکومت لاہور میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے انتخابی حلقہ این اے ایک سو تیس کے لیے ترقیاتی فنڈز کی نئی قسط جاری کر دی گئی ہے ۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے حلقے کی مختلف یونین کونسلز میں بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کے لیے متعدد منصوبوں کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے جن پر مجموعی طور پر تقریباً اڑتالیس کروڑ اکیس لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔ان منصوبوں میں آر سی سی کارپٹ روڈز کی تعمیر، ٹف ٹائل پیور بچھانے اور سیوریج نظام کی بہتری شامل ہے ۔ منصوبوں کے تکنیکی تخمینے تیار کر لیے گئے ہیں، مارچ کے دوران انتظامی اور ٹینڈرنگ مراحل مکمل کیے جائیں گے جبکہ اپریل سے باقاعدہ تعمیراتی کام شروع ہونے کا امکان ہے ۔ترقیاتی منصوبوں کی یہ نئی لہر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جبکہ اس سے قبل بھی این اے ایک سو تیس میں پینتیس پارکس کی اپ گریڈیشن کے منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔، جن کے بعد اب سڑکوں اور سیوریج کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔