دکھیوں کی خدمت عظیم عبادت :چیئرپرسن ڈاکٹر اے کیو خان
سینکڑوں مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جا رہیں :ڈاکٹر دینا خان
لاہور (سٹاف رپورٹر ) ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کی چیئرپرسن ڈاکٹر دینا خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ہسپتال کی کارکردگی اور فلاحی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی ای او محمد ساجد حسین، بورڈ آف ٹرسٹیز کے رکن راجہ ارشد محمود اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سی ای او محمد ساجد حسین نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر آنے والے سینکڑوں مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مستحق اور نادار مریضوں کے لیے مفت ادویات اور ضروری ٹیسٹوں کی سہولت بھی مہیا کی جا رہی ہے تاکہ مالی مشکلات کے باعث کوئی مریض علاج سے محروم نہ رہے ۔ چیئرپرسن ڈاکٹر دینا خان نے ہسپتال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت دراصل عبادت ہے اور یہی جذبہ اس ادارے کی بنیاد ہے ۔