سیف سٹیز :نوجوانوں کیلئے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف
ایپ میں نوجوانوں کے لیے متعدد جدید سہولیات فراہم کی گئیں:حکام
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے نوجوان نسل کے تحفظ کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرا دیا ہے ،یہ اقدام مریم نواز کے یوتھ ویژن کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو محفوظ اور بااعتماد ماحول فراہم کرنا ہے ۔سیف سٹیز اتھارٹی نے پی ایس سی اے نیکسٹ جین سیفٹی ایپ متعارف کروائی ہے جس کے ذریعے نوجوان شہری اپنی شکایات اور مسائل کو محفوظ انداز میں متعلقہ اداروں تک پہنچا سکیں گے ۔ اس ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ صارفین اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر بھی مسائل اور جرائم کی اطلاع دے سکتے ہیں، جس سے پرائیویسی اور اعتماد کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ایپ میں نوجوانوں کے لیے متعدد جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کے فیچرز، فیملی سرکل اور لوکیشن شیئرنگ جیسی سہولتیں شامل ہیں۔اس کے ذریعے صارفین اپنے قریبی افراد کو ایڈ کر کے سیفٹی سرکل بنا سکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر اپنی لوکیشن بھی شیئر کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ نوجوان شہری اس پلیٹ فارم کے ذریعے مفت قانونی مشورہ حاصل کرنے اور ماہرِ نفسیات سے رہنمائی لینے کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے ۔