ضلع ننکانہ کو سب سے زیادہ فنڈ دئیے جائینگے :رانا ارشد
3ٹراما سنٹرز کیلئے 59 کروڑ کے فنڈ جاری، نگہبان رمضان بازار کا دورہ
ننکانہ صاحب (خبر نگار)چیف وہپ پنجاب اسمبلی رانا ارشد نے کہا ہے کہ 27-2026 کے بجٹ میں ضلع ننکانہ صاحب کو پنجاب میں سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈ دئیے جائینگے ، پنجاب حکومت نے ضلع ننکانہ کے 3ٹراما سنٹرز کیلئے 59 کروڑ کے فنڈ جاری کر دئیے ہیں، بابا گورونانک یونیورسٹی کی تعمیر کیلئے بھی مزید فنڈ جاری کر دئیے گئے ہیں۔ننکانہ صاحب میں میڈیا سے گفتگو کرتے رانا ارشد نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت زبانی دعووں اور وعدوں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ، ضلع ننکانہ میں 58 سکولوں کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے ، مراکز صحت کو بہتر بنایا جارہا ہے ، شاہ کوٹ، ننکانہ صاحب اور سیدوالہ میں ٹراما سنٹرز کیلئے 59 کروڑسے سامان کی خریداری شروع کر دی گئی ہے جس سے طبی سہولیات کی بروقت فراہمی میں بہت مدد ملے گی، ڈسٹرکٹ جیل اور پولیس لائن کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اور بہت جلد مکمل کر لیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ نے شاہکوٹ کیلئے بھی خصوصی فنڈز کی منظورہ دے دی ہے ۔ دریں اثنا رانا ارشد نے ننکانہ صاحب میں قائم نگہبان رمضان بازار کا بھی دورہ کیا اورسٹالز پر جا کر اشیائے خورونوش کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ اورکہاتاریخ میں پہلی مرتبہ نگہبان رمضان پیکیج کے تحت نگہبان کارڈز، نگہبان بازار اور نگہبان دسترخوان سمیت مختلف منصوبوں کے ذریعے عام آدمی کو ماہِ مقدس میں براہِ راست ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ۔سانگلہ ہل، شاہکوٹ اور واربرٹن سمیت ضلع کے دیگر شہروں اور قصبوں میں بھی سہولت بازار قائم کیے جائینگے ۔