ریلوے کی رعایتی پالیسی کو یکساں اور منظم بنانے کا فیصلہ

ریلوے کی رعایتی پالیسی کو یکساں اور منظم بنانے کا فیصلہ

صحافیوں کو دی جانے والی رعایت 80 فیصدکو کم کرکے 50 فیصد کردی گئی

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے ) پاکستان ریلوے نے ملک بھر میں جاری مالی دباؤ اور حکومتی کفایت شعاری مہم کے پیش نظر رعایتی پالیسی (کنسیشنز) کو یکساں اور منظم بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ تمام رعایتوں پر زیادہ سے زیادہ 50 فیصد کی حد مقرر کر دی گئی ہے تفصیلات کے مطابق صحافیوں کو دی جانے والی رعایت جو پہلے 80 فیصد تک تھی، اب کم کر کے 50 فیصد کر دی گئی ہے ، جس کا اطلاق سال میں 10 سنگل سفروں تک ہوگا۔ یہ سہولت تمام ٹرینوں اور کلاسز پر دستیاب ہوگی، تاہم گرین لائن، پاک بزنس، شاہ حسین ایکسپریس اور آؤٹ سورسڈ ٹرینیں اس رعایت سے مستثنیٰ ہوں گی۔مزید برآں صحافیوں کے شریک حیات کو دی جانے والی 50 فیصد رعایت فوری طور پر ختم کر دی گئی ہے ۔ حکام کے مطابق اس پالیسی کا مقصد تمام مستحق افراد کے ساتھ یکساں سلوک کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ امتیاز کا خاتمہ کرنا ہے ،نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ رعایتی پالیسی کی دیگر تمام شرائط و ضوابط بدستور برقرار رہیں گے ۔ یہ فیصلے سی ای او/سینئر جنرل منیجر پاکستان ریلوے کی منظوری سے نافذ العمل کیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں