ورکرز ویلفیئرفنڈ کے ملازمین کم از کم اجرت سے محروم
کمپنیوں کو فی ملازم 60 سے 65 ہزار روپے تک ادائیگی کی جا رہی ہے،ذرائعوزیر محنت نے سیکرٹری ڈبلیو ڈبلیو ایف سے فوری رپورٹ طلب کرلی
لاہور(خبر نگار)پنجاب کے ماتحت اداروں میں کام کرنے والے ملازمین ہی کم از کم اجرت سے محروم نکلے ۔ذرائع کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ایف میں ڈیلی ویجز ملازمین کی بھرتیاں ٹھیکے داری نظام کے تحت کی گئیں، جہاں تین مختلف نجی کمپنیوں کے ذریعے افرادی قوت فراہم کی جا رہی ہے۔ حیران کن طور پر ڈبلیو ڈبلیو ایف کی جانب سے ان کمپنیوں کو فی ملازم 60 سے 65 ہزار روپے تک ادائیگی کی جا رہی ہے، تاہم انہی ملازمین کو صرف 30 سے 32 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے ، جو کہ مقررہ کم از کم اجرت سے بھی کم ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے دفاتر اور تعلیمی اداروں میں مجموعی طور پر 101 ملازمین تعینات ہیں۔ دوسری جانب ورکرز ویلفیئر فنڈ پنجاب کی جانب سے متعلقہ کمپنیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ملازمین کو قانون کے مطابق تنخواہیں دی جائیں ۔ادھر صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔