نیاز بیگ :بجلی چوروں کالیسکو ملازمین پر تشدد ، یرغمال بنالیا
ملزمان ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کر رہے تھے ، مقدمہ درج
لاہور (این این آئی) لیسکو کے نیاز بیگ سب ڈویژن کی ٹیموں کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ملزمان نے کارروائی کرنے والی ٹیم پر حملہ کر دیا۔ایس ڈی او نیاز بیگ آصف خان کے مطابق بجلی چوروں نے ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور چند ملازمین کو یرغمال بھی بنا لیا۔ واقعہ کے بعد لیسکو حکام نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے یرغمال بنائے گئے ملازمین کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ایس ڈی او کے مطابق امجد بھٹہ نامی شخص نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لیسکو ٹیم پر حملہ کیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے درخواست دے دی گئی ہے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کر رہے تھے ۔ پچیس کوارٹرز اور ایک سنوکر کلب میں بھی بجلی چوری کی جا رہی تھی۔لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔