امتحانات میں ڈیوٹیاں ، سکو ل اساتذہ سے خالی ہونے لگے
بعض سکولوں ایک بھی استاد نہ رہا،تدریسی اور انتظامی امور شدید متاثروزیر تعلیم کا معاملے کا نوٹس، ایک سکول کے اساتذہ کی ڈیوٹی لگانے پر تشویش
لاہور(خبر نگار)میٹرک امتحانات کے لیے بڑے پیمانے پر اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگائے جانے کے باعث صوبے کے متعدد سرکاری سکول اساتذہ سے خالی ہونے لگے ، جس سے تدریسی اور انتظامی امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کئی سکولوں میں 80 سے 95 فیصد تک اساتذہ کو امتحانی ڈیوٹیوں پر تعینات کر دیا گیا ہے ۔ بعض اداروں کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ، جہاں عملہ نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے ۔گورنمنٹ ہائی سکول کوریاں میں 12 میں سے 11 اساتذہ کو بورڈ امتحانات کی ڈیوٹی دے دی گئی، جبکہ گورنمنٹ پرائمری سکول جیون ہانہ میں 7 میں سے 6 اساتذہ امتحانی فرائض انجام دینے کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔اساتذہ کی بڑے پیمانے پر عدم دستیابی کے باعث سکول سربراہان کو اداروں کے روزمرہ انتظامی معاملات چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ تدریسی سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ طلبہ کی حاضری اور نظم و ضبط برقرار رکھنا بھی چیلنج بن گیا ہے ۔دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک ہی سکول کے تمام اساتذہ کی ڈیوٹی لگانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔