سکولوں کابجلی ٹیرف کمرشل سے گھریلو کرنے کی تجویز زیر غور
اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ،محکمہ سکول کا توانائی ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ
لاہور(عاطف پرویز سے ) سکولوں کے بجلی ٹیرف کو کمرشل سے گھریلو کیٹیگری میں منتقل کرنے کی تجویز زیر غور ہے ، جس سے تعلیمی اداروں کے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے ۔ اس حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن نے حکومت اور محکمہ توانائی سے باقاعدہ رابطہ بھی کر لیا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سکولوں کو درپیش بڑھتے ہوئے مالی دباؤ کے پیش نظر کیا جا رہا ہے ۔ موجودہ صورتحال میں سکولوں کو دیا جانے والا نان سیلری بجٹ کا بڑا حصہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی پر خرچ ہو جاتا ہے ، جس سے دیگر ضروریات متاثر ہوتی ہیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق سکولوں کو سالانہ تقریباً 16 ارب روپے روزمرہ اخراجات کے لیے فراہم کیے جاتے ہیں، تاہم اس کے باوجود ادارے مالی مشکلات کا شکار ہیں۔دوسری جانب نجی سکولوں نے بھی بجلی ٹیرف میں تبدیلی کا مطالبہ کر دیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں بھی اسی نوعیت کا ریلیف دیا جائے تاکہ تعلیمی اخراجات میں توازن برقرار رکھا جا سکے ۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 38 ہزار سے زائد سرکاری جبکہ ایک لاکھ کے قریب نجی سکول فعال ہیں، جو اس ممکنہ فیصلے سے براہ راست متاثر ہوں گے ۔