سکول ہیڈز کو بھی باقاعدہ تدریسی ذمہ داریاں دینے کی ہدایت
ہیڈ ٹیچرز ہفتہ وار 18پیریڈ پڑھانے کے پابند ، روزانہ کم از کم 3پیریڈ لینا لازمی قرار
لاہور(خبر نگار )ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سکول ہیڈز کو بھی باقاعدہ تدریسی ذمہ داریاں دینے کی ہدایت جاری کر دی ۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ تمام ہیڈ ٹیچرز ہفتہ وار کم از کم 18 پیریڈ پڑھانے کے پابند ہونگے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر کم از کم 3 پیریڈ لینا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق سکول ہیڈز کو انتظامی ذمہ داریوں کیساتھ ساتھ تدریسی فرائض بھی سرانجام دینا ہونگے اور انہیں اپنے تدریسی اوقات کو باقاعدہ ٹائم ٹیبل میں شامل کرنا ہوگا تاکہ عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر عملدرآمد رپورٹ جمع کروائی جائے جبکہ مانیٹرنگ عمل کو بھی سخت کیا جائیگا۔اس حوالے سے سی ای او ایجوکیشن لاہورطارق محمود کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد تعلیمی نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے ۔