ریونیووصولی ،محکمہ ایکسائز کومشکلات، دو ماہ میں 11ارب کاہدف
مالی سال کے اختتام میں دو ماہ باقی ، ابتک 59ارب ٹیکس جمع،ہدف کا حصول بڑا چیلنج
لاہور(عاطف پرویز سے)محکمہ ایکسائز پنجاب کو ریونیو ہدف کے حصول میں مشکلات، دو ماہ میں 11 ارب کی وصولی درکار،مالی سال کے اختتام میں صرف دو ماہ باقی رہ گئے تاہم محکمہ کو سالانہ ریونیو ہدف کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔دستاویزات کے مطابق محکمہ ایکسائز کو ہدف مکمل کرنے کیلئے مزید 11ارب کی فوری وصولی درکار ہے ۔ ابتک 59ارب روپے ٹیکس کی مد میں جمع کیے جا چکے ہیں جبکہ رواں مالی سال کیلئے مجموعی ہدف 70 ارب مقرر کیا گیا ہے ۔ مالی سال کے پہلے دو کوارٹرز میں 43ارب کی ریکارڈ ٹیکس وصولی کی گئی تاہم تیسرے کوارٹر میں صرف 16 ارب روپے کی کولیکشن ہو سکی جس سے ریکوری کی رفتار میں نمایاں کمی سامنے آئی ۔حکام کے مطابق اب مالی سال کے آخری دو ماہ میں ہدف کا حصول بڑا چیلنج بن چکا ہے ۔ ریکوری تیز کرنے کیلئے مختلف اقدامات زیر غور ہیں جبکہ ٹیکس نادہندگان کیخلاف سخت کارروائیوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔گزشتہ مالی سال محکمہ ایکسائز نے 55 ارب کا ریونیو جمع کیا تھا، جسکے مقابلے میں اس سال ہدف میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے ۔محکمہ کے حکام پرامید ہیں کہ آخری دو ماہ میں ریکوری مہم تیز کر کے ہدف کے قریب پہنچا جا سکے گا ۔تاہم موجودہ صورتحال محکمہ کیلئے کڑا امتحان بن چکی ہے ۔