ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے 30 جون ڈیڈلائن
کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ، ترقیاتی منصوبوں، ریونیو امور اور سہولیات سے متعلق مختلف ایجنڈا آئٹمز کا تفصیلی جائزہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ڈویژن کی مختلف تحصیلوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے 30 جون کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے ۔کمشنر کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ریونیو امور اور شہری سہولیات سے متعلق مختلف ایجنڈا آئٹمز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چودھر ی سمیت خوشاب، بھکر اور میانوالی کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ایڈیشنل کمشنر ریونیو، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ایس ای فیسکو، ایکسین ہائی ویز، واسا، ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کے افسر بھی شریک ہوئے ۔
کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ویژن کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے ، اس لیے تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔اجلاس میں فیسکو کے گرڈ اسٹیشنز کیلئے سرکاری اراضی کی منتقلی سے متعلق بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ سرگودھا اور بھکر میں 10 جائیدادوں کی منتقلی کا عمل جاری ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے 30 جون کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ بارشوں کے سیزن سے قبل نکاسی آب اور دیگر شہری سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے ۔اجلاس میں سرگودھا شہر میں جاری میگا واسا پراجیکٹ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام کام ایس او پیز کے مطابق مکمل کیے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ تیار کر کے پیش کی جائے تاکہ وہ خود بھی موقع پر جا کر کام کا جائزہ لے سکیں۔