بھاٹی سے ایک موریہ پل ،علاقے کی بحالی کامنصوبہ تیار

بھاٹی سے ایک موریہ پل ،علاقے کی بحالی کامنصوبہ تیار

اردو بازار، انارکلی ، میو ہسپتال اور بانساں والا بازار کو ازسرنو بحال کیا جائے گا

لاہور (شیخ زین العابدین)بھاٹی چوک سے ایک موریہ پل تک تاریخی راہداری کو ثقافتی کوریڈور میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی، جبکہ منصوبے کی ویڈیو بھی تیار کر لی گئی ۔ منصوبے کے تحت اردو بازار، انارکلی بازار، میو ہسپتال، بانساں والا بازار اور چیمبر لین روڈ کو ازسرنو بحال کیا جائے گا، جبکہ فلیمنگ روڈ، برانڈرتھ روڈ، لنڈا بازار اور ریلوے سٹیشن تک کے علاقے کو بھی ترقیاتی پلان میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ صرف سڑکوں کی تعمیر تک محدود نہیں ہوگا بلکہ تاریخی شناخت برقرار رکھتے ہوئے پورے علاقے کی اربن اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ مرکزی شاہراہ کی نئی الائنمنٹ ترتیب دی جائے گی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے محفوظ یوٹرنز بھی تعمیر کیے جائیں گے ۔سڑک کنارے عمارتوں کی فساڈ اپ لفٹ کے ذریعے تاریخی اور تجارتی عمارتوں کو یکساں طرز پر بحال کیا جائے گا تاکہ اندرون لاہور کی قدیم شناخت کو جدید شہری حسن کے ساتھ نمایاں کیا جا سکے ۔منصوبے میں پیدل چلنے والوں کے لیے کشادہ واک ویز، پارکنگ ایریاز اور سٹنگ سپیسز بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں